اسلام آباد اور کراچی کا پہلا ایلی منیٹر آج ہوگا


پاکستان سپر لیگ سیزن فور میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان پہلا ایلی منیٹر میچ آج شام 7 بجے شروع ہوگا۔
اسلام آباد اور کراچی میں جو ٹیم جیتے گی وہ جمعے کو پشاور زلمی سے فائنل کے لیے مقابلہ کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع ہے جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو اور پشاور زلمی کو ایک مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

کوئٹہ نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا



پی ایس ایل فور کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، یہ تیسرا موقع ہے جب کوئٹہ نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔


187رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے اچھا آغاز دیا اور 41 رنز بنائے، کامران اکمل 22 رنز بناکر امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے۔
مجموعی اسکور میں صرف 14 رنز کے اضافے پر نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود 7 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ کے بولر فواد احمد کو اپنے اوور کی دوسری گیند کراتے بال چہرے پر لگنے کی وجہ سے میدان سے جانا پڑا، ان کا اوور مکمل کرنے کے لئے روسوؤ  آئے اور انہوں نے پہلی ہی گیند پر امام الحق کو کلین بولڈ کردیا۔
ڈاؤسن کو صرف 5 رنز پر احسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی تو 90 کے مجموعی اسکور پر محمد حسنین نے مصباح الحق کو 18 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

مشکل صورتحال میں کپتان ڈیرن سیمی بیٹنگ کے لئے آئے اور پولارڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔
آخری اوور میں پشاور کو جیت کے لئے 21 رنز درکار تھے لیکن پولارڈ 44 رنز بناکر سیمی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اگلی ہی گیند پر ڈیرن سیمی 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

یوں پشاور کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔
محمد حسنین نے دو، جبکہ محمدنواز، روسوؤ، احسن علی اور واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جمعرات کو اسلام آباد اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پہلے الیمینیٹر میں مدمقابل ہوں گی۔
کوئٹہ کا پشاور کو 187 رنز ہدف
پی ایس ایل فور کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 187رنز کا ہدف دیا ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے ہی اوور میں ٹائمل ملز نے گذشتہ میچ میں 99 رنز بنانے والے احمد شہزاد کو صرف ایک رن پر کلین بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھادی تھی۔

نئے بیٹسمین احسن علی نے شین واٹسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ اس دوران شین واٹسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
واٹسن تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 43 گیندوں پر6چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 71رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122رنز کا اضافہ کیا۔
احسن علی 32گیندوں پر 46رنز بناکر سمین گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

روسوؤ لمی اننگز نہ کھیل سکے اور 11 رنز بناکر پولارڈ کا شکار بنے۔
اس موقع پر عمر اکمل اور کپتان سرفراز احمد نے رنز بنانے کی ذمہ سنبھالی لیکن لمبی شراکت نہ بناسکے اور عمر اکمل 22رنز بناکر سرفراز احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔
سرفراز احمد بھی صرف 12رنز بناسکے جبکہ براوو 12 اور محمد نواز 2رنز کے پر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2، جبکہ حسن علی، ملز، سمین گل اور پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد چہرے پر بال لگنے سے زخمی


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد میچ کے دوران چہرے پر بال لگ جانے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
پی ایس ایل فور کے پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس میں جیت گلیڈی ایٹرز کے حصے میں آئی۔
میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے پی ایس ایل کے اوور سیز پلیئر فواد احمد حریف ٹیم کے امام الحق کے اسٹریٹ ڈرائیو کا شکار بنے اور بال ان کے چہرے پر لگی جس کے بعد وہ اوور ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔
فواد اپنی ہی گیند پر امام الحق کے کیچ کو صحیح طرح جج نہ کر سکے اور بال ان کے چہرے پر لگی ، جس کے بعد انہیں فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا ۔
ذرائع کے مطابق بال لگنے کی وجہ سےفواد احمد کے جبڑے اور دانت پر چوٹ لگی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

بھارتی ٹیم کو فوجی ٹوپیاں لے ڈوبیں، سیریز آسٹریلیا کے نام


بھارتی کرکٹ ٹیم کو فوجی ٹوپیاں لے ڈوبیں، اپنی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز ہار گئی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے پاکستانی نژاد اوپنر کی سنچری کی بدولت بھارت کو 35 رنز سے مات دے کر سیریز ،3-2 سے اپنے نام کرلی۔
آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوور ز میں 272رنز بنائے، عثمان خواجہ نے سیریز میں ایک اور شاندار اننگز کھیلی،وہ پورے 100 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ہینڈز کومب 52،ریچڈسن29 اور فنچ کے 27رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 272رنز بنائے اور بھارت کو 273رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آسٹریلوی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکی اور پوری ٹیم 50اوورز میں 237 رنز پر ڈھیر ہوگئی،یوں بھارت کو 35رنز کی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
بھارت کی طرف سے روہیت شرما 56، بھونیشور کمار 46 اور کیدار جادیو 44 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے ہیں، آسٹریلیا کی طرف سے زیمپا نے 3وکٹیں اپنے نام کی۔
میچ کے سنچری میکر پاکستانی نژاد عثمان خواجہ مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے، انہوں نے پانچ میچوں کی سیریز کے دوران 2 سنچریوں کی بدولت 383 رنز بنائے۔
بھارتی ٹیم سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں فاتح رہی تھی جبکہ تیسرا میچ اس نے فوجی ٹوپیاں پہن کر کھیلا تھا اور وہیں سے وہ سیریز میں ہارنا شروع ہوئی تھی۔

اسد عمر کی عثمان خواجہ کو قومی اعزاز دینے کی تجویز


وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کے کھیل کی خوب تعریف کی۔
ایک بیان میں اسد عمر آسٹریلوی اوپنر کی تعریف میں ایک قدم آگے بڑھ گئے اور استفسار کیا کہ کیا خیال ہے 23 مارچ پر ایک قومی اعزاز عثمان خواجہ کو نہ دے دیا جائے؟

دوسری طرف ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں عثمان خواجہ کی سنچری کی تعریف کی اور لفظ ’اسٹرائیک‘ کو واضح طور پر لکھا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریزمیں بھارت کو دو صفر کی برتری حاصل تھی اور اس نے تیسرے میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا اور اس کے بعد لگاتار 3 میچز میں شکست سے دو چار ہوئی اور سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بھارت کے خلاف پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر کی بیٹنگ کو خوب سراہا اور تجویز دی کہ کیوں نہ کرکٹر عثمان خواجہ کو قومی اعزاز دے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کھلاڑی میچز کے آغاز پر فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترے تھے، بھارت کے خلاف عثمان خواجہ نے 2 سنچریوں سمیت 383رنز بنائے ہیں،ان کی پرفارمنس انتہائی شاندار رہی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں عثمان خواجہ کے اسٹرائیک ریٹ کو سراہا اور اپنے پیغام میں لفظ اسٹرائیک کو نمایاں کیا اور ساتھ ہی آسٹریلوی اوپنر کی کارکردگی کی تعریف کی،انہیں سیریز کے آخری میچ میں سنچری بنانے پر انگریزی میں ’کیپ‘کا لفظ بھی تحریر کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سرجیکل اسٹرائیک کا لفظ زیر گردش رہا،اسی تناظر میں بھارتی کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرنے پر عثمان خواجہ کےلئے اس لفظ کو استعمال کیا گیا ہے۔


Chat
اپنی رائے سے آگاہ کریں



دنیا کا پسندیدہ آن لائن کھیل بیٹنگ کمپنی صرف +18کیلے, ابھی مفت رجسٹریشن کرنے پھر حاصل کريی 15000 تک فری بونس


Comments